Press "Enter" to skip to content

نیب نے نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے لاہور پہنچا دیا

لاہور: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔

نوازشریف کو سخت سیکیورٹی میں بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ لایا گیا اور انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا، سابق وزیراعظم کے ہمراہ نیب کی ٹیم بھی موجود ہے۔

احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے کوٹ لکھپت بھیجنے کے احکامات جاری کیے جائیں جس پر معزز جج نے ان کی درخواست منظور کرلی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا تھا۔

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف پر ڈیڑھ ارب روپے اور ڈھائی کروڑ ڈالر یعنیٰ لگ بھگ 5 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک نے نوازشریف کے خلاف دونوں ریفرنسز پر 19 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

Please follow and like us:

Comments are closed.