Press "Enter" to skip to content

لاہور: نیب کی تحویل میں موجود ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے سروسز اسپتال میں دم توڑ گیا

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں موجود لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سلیم لاہور کے سروسز اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سلیم کو نیب نے ایل ڈی اے کمرشلائزیشن فیس کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔

جیل ذرائع کے مطابق وہ ستمبر 2017 سے کیمپ جیل میں قید اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھا، جسے طبعیت خراب ہونے پر رواں ماہ 8 دسمبر کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق محمد سلیم کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے سروسز سے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق محمد سلیم جوہر ٹاؤن کا رہائشی تھا، اس نے پسماندگان میں بیوہ اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

اس سے قبل 21 دسمبر کو کیمپ جیل لاہور میں سرگودھا یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میاں جاوید کے انتقال اور وفات کے بعد ہتھکڑیاں لگیں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر عوامی وسیاسی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

میاں جاوید کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سرگودھا یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں رواں برس اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔

تاہم سی ای او سرگودھا یونیورسٹی کی وفات کی ذمہ داری نیب، جیل انتظامیہ اور اسپتال حکام نے ایک دوسرے پر ڈال دی تھی۔

Please follow and like us:

Comments are closed.