Press "Enter" to skip to content

بلاول ہاؤس کی دیوار اور بابرغوری کے شادی ہالز کب گریں گے؟ خرم شیر زمان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سوال کیا ہے کہ بلاول ہاؤس کی دیواریں اور ایم کیو ایم کے رہنما بابرغوری کے شادی ہال کب گریں گے؟

پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا بلاول ہاؤس چورنگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن میں تفریق قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میئر صاحب کو غریبوں کیخلاف اقدامات سے روکیں گے کیوں کہ شہر میں امیروں کی دیواریں کھڑی ہیں اور غریبوں کے گھر گرائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میئر کی صرف غریبوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، ملیر میں حکومت کا خوف ہے اس لیے وہاں کارروائی نہیں کررہے۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بلاول ہاؤس کی دیوار اور بابر غوری کے شادی ہالز کب گرائے جائیں گے؟ نہر خیام پر کسی بڑے کی عمارت قائم ہورہی ہے وہ کب گرائیں گے؟

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں جب کہ میئر کراچی نے مجھے آواز بلند کرنے پر 50 کروڑ کا ہرجانہ بھیجا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں سپریم کورٹ کے احکامات پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا جس میں ایمپریس مارکیٹ و اطرف اور دیگر شہر میں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے تجاوزات کیخلاف آپریشن پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا تھا کہ جو کر چکے ہیں اور جو کرنے جا رہے ہیں اس کا پلان سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالت کا واضح حکم آگیا ہے جس کے بعد غیر قانونی شادی ہالز، نالوں پر عمارات کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔

Please follow and like us:

Be First to Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *