Press "Enter" to skip to content

بانی پاکستان محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں آزاد وطن کا تحفہ دینے والے بابائے قوم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔

25 دسمبر 1876کو کراچی کے وزیر مینشن میں محمد علی جناح نے آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ عظیم انسان آگے چل کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار کرانے کیلئے نا خدا کا کردار ادا کرے گا۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام میں حاصل کی جب کہ میٹرک کا امتحان جامعہ ممبئی سے پاس کیا اور بعدازاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر لندن روانہ ہو گئے۔

1895میں لندن کی یونیورسٹی سے 19 برس کی عمر میں قانون کی ڈگری حاصل کر کے کم عمر ترین ہندوستانی قانون دان کا اعزاز حاصل کیا اور کچھ ہی عرصے بعد ہندوستان واپس آکر باقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیا جہاں ان کا شمار نامور وکلاء میں کیا جانے لگا۔

1896میں قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جاتا ہے۔

چنانچہ 1913میں انہوں نے مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا۔

آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہونے بعد قائد اعظم نے اپنے شب و روز مسلمانوں کے سیاسی شعور کی بیداری کیلئے وقف کر دیئے۔

بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14اگست 1947کو برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔

آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11ستمبر 1948کو ملت کا یہ روشن ستارہ دار فانی کوچ کر گیا لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی

Please follow and like us:

Comments are closed.